راولپنڈی۔( ) 16 جنوری۔2024
پاکستان تحریک شاد بادنے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا ہے جس میں تعلیم صحت اور روزگار کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ ملک سے بدامنی کے خاتمہ اور مہنگائی پر قابو پانا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان تحریک شاد باد کے چئیرمین ڈاکٹر حنیف مغل ایڈووکیٹ نے پارٹی سیکرٹریٹ میں انتخابی منشور کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی افراتفری ہے جبکہ معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔کوئی ملک پاکستان کو قرضہ دینے یا کاروبار کرنے کو تیار نہیں ہے جبکہ عوام مایوسی کا شکار ہیں اور لاکھوں ہنر مند افراد ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ قرضوں کی ادائیگی تو کجا ان کا سود ادا کرنا ہی مشکل ہو گیا ہے اور اس کے لئے بھی نئے قرضے لینا پڑ رہے ہیں۔ عوام ہر قسم کی سہولت سے محروم ہے مگر ان پر ٹیکس مسلسل بڑھایا جا رہا ہے جبکہ اشرافیہ کو مسلسل مراعات دی جا رہی ہیں اور اس سلسلے کو ختم کئے بغیر ملک کبھی اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر حنیف مغل ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک میں ہنر مند افراد کی کمی ہے، سکولوں میں بچوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے لوگ بجلی کے بلوں کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ زرعی ملک کو سالانہ اربوں ڈالر کی اجناس درامد کرنا پڑتی ہیں جو شرم اور افسوس کا مقام ہے۔ملک کی آبادی با بڑا حصہ غذائی عدم تحفظ کا شار ہے لوگ تیزی سے غریب ہو رہے ہیں جبکہ اشرافیہ کی تجوریاں بھر رہی ہیں۔ سیاستدانوں اور مافیا کے عوام کے خلاف ایکا کیا ہوا ہے کئی صوبے احساس محرومی کی آگ میں جل رہے ہیں پڑوسی ممالک سے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں جبکہ پیداوار اور برآمدات گر رہی ہیں۔ انھوں نے کاہ کہ ملک مسائلستان بنا ہوا ہے اور ملک و قوم کو مافیا کے بے رحم پنجوں سے نجات دلوا کر اسے حقیقی فلاحی مملکت بنائیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔